رانا افضل سمیت 9 انتخابی امیدوار سوئی گیس کے 5 کروڑ کے نادہندہ نکلے

Last Updated On 23 June,2018 08:25 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سابق وزیر مملکت راناافضل خاں سمیت 9 انتخابی امیدوار سوئی گیس کے 5 کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ نکلے، سوئی ناردرن گیس پائپ لائینز لمٹیڈ کی رپورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے ان نادہندگان کے خلاف کیس رجسٹرڈ کر لئے ہیں۔

سب سے بڑے نادہندہ سابق وزیر مملکت برائے خزانہ امور و مسلم لیگ ن کے این اے 110 سے امیدوار راناافضل خاں ہیں جن کے ذمہ ساحل انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کی مد میں 2 کروڑ 66 لاکھ 85 ہزار 412 روپے واجب الادا ہیں۔ سابق ایم پی اے و پی پی 107 سے امیدوار زاہد گورائیہ اپنے دو سی این جی اسٹیشنز کی مد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ 98 ہزار 125 روپے کے ڈیفالٹر ہیں۔

گورائیہ سی این جی نزد ناولٹی پل سمندری روڈ نے 63 لاکھ ایک ہزار 605 روپے اور گورائیہ پلس سی این جی 243 سمندری نے 62 لاکھ 96 ہزار 520 روپے ادا کرنے ہیں۔ سابق وزیر مملکت عابد شیرعلی کے بھائی عمران شیر علی جنہوں نے تین انتخابی حلقوں این اے 110، پی پی 117 اور پی پی 111 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں وہ بھی کشمیر ووڈ انڈسٹریز کے کھاتہ میں 55 لاکھ 79 ہزار 27 روپے کے نادہندہ ہیں۔

این اے 104 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار دلدار چیمہ 2 لاکھ 16 ہزار 951 روپے، پی پی 109 سے قتل ہونے والے امیدوار وقار احمد کے ذمہ بھی سوئی گیس کے 30 ہزار 279 روپے واجب الادا ہیں۔ پی پی 100 میں امیدوار محمد ناصر خاں کے ذمہ ایک لاکھ 20 ہزار 566 روپے، پی پی 100 سے ہی امیدوار محمد یاسین کے ذمہ 61 ہزار 176 روپے، پی پی 101 سے امیدوار رائے شہباز کلیار کے ذمہ 11 ہزار 446 روپے اور پی پی 97 سے امیدوار ناصرمحمود کے ذمہ سوئی گیس کے واجبات کی مد میں 54 لاکھ 48 ہزار 541 روپے واجب الادا ہیں۔ ان تمام امیدواروں کے خلاف ایف آئی اے نے کیس رجسٹرڈ کر لئے ہیں۔
 

Advertisement