لاہور: ( روزنامہ دنیا) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری لندن روانہ ہوگئے، ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد پاک صاف ہو کر الیکشن لڑنے پہنچ گئے، الیکشن سے عوام کے مسائل حل نہیں ہونگے، موجودہ انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد نظریے کو چھوڑنا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا ہماری جماعت الیکٹ ایبلز کی نہیں کارکنوں کی ہے، الیکشن میں حصہ لے کر قومی جرم اور گناہ کا حصہ نہیں بننا چاہتے ۔نیب کیسز کو لمبا کر نے کی بجائے انہیں جلد نمٹائے ، نیب کو دھمکانے والے وہی لوگ ہیں جن کو نیب سے خطرہ ہے ۔ الیکشن سے مستحکم حکومت اور اسمبلی بنتے نہیں دیکھ رہا۔ نظریہ اور جدوجہد کی بقا اسی میں ہے کہ الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے۔