لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے این اے 57 مری سے تاحیات نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وکیل خواجہ طارق رحیم کے توسط سے درخواست دائر کی۔ درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اپیلٹ ٹربیونل نے اختیار سے تجاوز کیا، ٹربیونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:شاہد خاقان عباسی تاحیات نااہل قرار
یاد رہے گزشتہ روز اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 کے کاغذاتِ نامزدگی میں حقائق چھپانے کے الزام میں تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔
جج نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ حقائق چھپانے اور معلومات فراہم کرنے کی وجہ سے شاہد خاقان عباسی صادق اور امین نہیں رہے، انہوں نے اپنے ووٹر سے حقائق چھپائے اور تمام معلومات فراہم نہیں کیں، میں بطور جج اپنے اختیارات کے تحت شاہد خاقان عباسی کو 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیتا ہوں۔