راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے آبائی حلقے مری سے الیکشن کیلئے نااہل ہو گئے، ان کے کاغذاات نامزدگی ٹمپرنگ پر مسترد کر دیئے گئے۔ پی ٹی آئی کے فواد چوہدری اور سردار غلام عباس کو بھی اپیلٹ ٹربیونل نے کلین آؤٹ قرار دیدیا۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنے آبائی حلقے این اے 57 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر نا اہل ہو گئے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری اور این اے 67 سے ان کے مدمقابل ن لیگ کے امیدوار انتخابی دنگل سے آؤٹ جبکہ چکوال سے کپتان کے نئے کھلاڑی سردار غلام عباس بھی مقابلے سے باہر ہو گئے۔
اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس عبادالرحمن لودھی نےشاہدخاقان عباسی کو ٹمپرنگ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ این اے 57 کے ریٹرننگ افسر حیدر علی نے اپنی غلطی تسلیم کی، انہیں ذمہ داری سے فارغ کیا جاتا ہے، رجسٹرار ہائیکورٹ ان کے خلاف انکوائری کریں ، الیکشن کمیشن حلقہ میں نیا ریٹرنگ افسر تعینات کرے۔
اپیلٹ ٹربیونل نےاین اے 67 سے پی ٹی آئی کےاہم کھلاڑی فواد چوہدری کو زرعی ٹیکس ادا نہ کرنے پر انتخابی میچ سے آؤٹ کیا۔ ان کے مدمقابل ن لیگ کے بلال اظہر کیانی کے کاغذات دوہری شہریت پر مسترد ہوئے۔ این اے 64 چکوال سے تحریک انصاف کے سردار غلام عباس اور پی پی 23 سے امیدوار آفتاب اکبر کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا گیا۔ حلقہ این اے 61 سے پی ٹی آئی عامرکیانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔