لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف بغاوت کے مقدمے کیلئے درخواست پر صحافی سرل المیڈا کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزراء اعظم نواز شریف اور خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیکر ملک و قوم سے بغاوت کی، شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی، لہٰذا دونوں رہنماؤں کے خلاف بغاوت کی کارروائی کی جائے۔
سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی نے موقف اپنایا کہ انہیں عدالت کا نوٹس موصول نہیں ہوا، وہ ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ آئے تھے۔ عدالت نے سرل المیڈا کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ستمبر تک ملتوی کر دی۔