راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق محمود عباسی درخواست پر سماعت کریں گے، سماعت منگل کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں ہوگی، شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ملک ریاض انجم نے دائر کی ہے۔
ادھر شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کے خلاف غداری کی کارروائی کیلئے درخواست پر سرل المیڈا کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیکر ملک و قوم سے غداری کی، شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی، لہٰذا دونوں رہنماؤں کے خلاف بغاوت کی کارروائی کی جائے۔
سماعت کے دوران شاہدخاقان عباسی نے موقف اپنایا کہ انہیں عدالت کا نوٹس موصول نہیں ہوا، وہ ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ آئے تھے۔ عدالت نے سرل المیڈا کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ستمبر تک ملتوی کر دی۔