الیکشن کمیشن کا امیدواروں کی ہراسگی، مبینہ تشدد کا نوٹس، رپورٹ طلب

Last Updated On 01 July,2018 03:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ملتان اور نارووال میں امیدواروں کو ہراساں اور مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن نے ملتان میں رانا اقبال سراج اور نارووال میں امیدوار پر مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

یاد رہے کہ (ن) لیگی امیدوار رانا اقبال سراج کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ انتخابی دوڑ سے نکلنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا اور انہیں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔