اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ نواز شریف قوم کو بتائیں انہیں کس بیان سے دکھ ہوا، ایسی باتیں تو ان کے بھائی بھی کر رہے ہیں، میاں صاحب جو دکھ دوسروں کو پہنچاتے ہیں انہیں اس کا احساس نہیں۔
اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں چودھری نثار نے کہا کہ میاں نواز شریف کو اپنے دکھ کا تو فوری احساس ہو جاتا ہے لیکن جو دکھ وہ دوسروں کو پہنچاتے ہیں اسکا انہیں احساس نہیں ہوگا۔ اگر میاں نواز شریف کو اس بیان سے دکھ ہوا ہے کہ عدلیہ اور فوج سے محاذ آرائی نہ کی جائے تو یہی بات ان کے بھائی شہباز شریف بھی کہتے رہے اور اب بھی کہہ رہے ہیں، پارٹی کے سینئر ارکان بھی یہی کہتے ہیں، اس سے تو نواز شریف کو دکھ نہیں ہوا۔
چودھری نثار نے کہا کہ نواز شریف کو اس بات سے دکھ کیوں نہیں پہنچا کہ 6 ماہ سے جاتی عمرہ میں رہنے اور کھانے یینے والے ان کے پیادے میرے بارے میں لغو، بے بنیاد، جھوٹا اور تضحیک آمیز پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا میاں صاحب کو اس بات کا قطعی احساس نہیں کہ ان کی بہت سی باتوں سے کسی اور کو دکھ پہنچاتا ہے۔