لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں سے اب بھی پانی نہیں نکالا جاسکے گا، بارش کے باعث لیسکو کا سسٹم مکمل طور پر فعال نہ ہوسکا، آج بھی بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے۔
لاہور میں گذشتہ روز ہونیوالی بارش نے شہر کا نظام جام کئے رکھا، سڑکیں تالاب، انڈرپاس سوئمنگ پول بنے رہے، پوش علاقوں میں بھی صورتحال خراب رہی لیکن آج صورتحال کچھ بہتر ہے۔ بعض نشیبی علاقوں میں پانی اب بھی کھڑا ہے، جسے نکالنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چی پی او چوک پر پڑنے والا شگاف پر نہ کیا جاسکا، جس کیلئے آپریشن جاری ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:مختلف واقعات میں 6 جاں بحق
بارش کے باعث لیسکو کا سسٹم مکمل طور پر فعال نہ ہوسکا، رات سے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے جس کے باعث لوگوں پریشانی کا سامنا ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے بارش کا سلسلہ مزید 2 روز تک جاری رہے گا۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش نے ترقیاتی کاموں کا پول کھول دیا۔ بارش نے 24 گھنٹے سے پہلے پہلے ہی پیرس کو وینس بنا دیا۔ دن چڑھتے ہی سڑکوں پر پانی بھی چڑھ گیا، سڑکیں، گلیاں تالاب، انڈرپاسز سوئمنگ پول بن گئے۔ 250 ملی میٹر سے زائد بارش میں بیشترعلاقے ڈوب گئے۔ سارا دن بجلی، پانی، گٹر، موٹریں، سڑکیں، راستے، گاڑیاں، کام، دفتر، بازار، دکانیں اور سب سے بڑھ کر انتظامیہ کی آنکھیں بھی بند رہیں۔
لاہور کا ریلوے اسٹیشن بھی پانی کی نذر ہوگیا، ٹریک ڈوبنے سے سروس معطل ہوگئی، مسافروں کو خواری ہوئی، پانی میں ڈوبی پٹڑیوں پر رواں دواں ریل گاڑی شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ کھیل کے میدان بھی پانی سے بھر گئے جبکہ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل رہیں، قذافی اسٹیڈیم کا پورا گراؤند چھپ گیا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی کروڑوں مالیت کی ٹرف تیرنے لگی۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں بھی ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دے رہا تھا۔