لندن: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے الیکشن میں من پسند فیصلے سے ملک کو نقصان ہوگا، پاکستان جانے کا فیصلہ وکلا سے مشاورت کے بعد کروں گا۔
لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے انتخابات سے پہلے پھر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا الیکشن میں من پسند فیصلے سے ملک کو نقصان ہوگا، حقائق پر مبنی بات کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا وکلا سے مشاورت کے بعد ایون فیلڈ ریفرنس پر بات ہوگی، اصلاح احوال کے بغیر چارہ نہیں، وہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم ہیں۔
یاد رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو فیصلے کے دن حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسلام آباد انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ فیصلے کے دن عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔