لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کلثوم نواز کی طبیعت اب قدرے بہتر ہے لیکن اب بھی وہ مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں، وینٹی لیٹر سے ہٹانے کا فیصلہ نہ ہوسکا. دوسری جانب شہبازشریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے۔
کاش میں جمعرات سے پہلے ان کے پاس آ جاتا تو بہتر ہوتا، کم از کم اس وقت وہ اپنے ہوش و حواس میں تھیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اب قدرے بہتر ہے تاہم اب بھی وہ مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں ہیں۔ نوازشریف نے قوم سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
حسین نواز نے بھی والدہ کی صحت میں بہتری کی تصدیق کی، انہوں نے کہا والدہ کی کیفیت گذشتہ جمعرات کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔ تاہم کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر سے ہٹانے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
ادھر مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے۔ وہ 16جون کو اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن گئے تھے۔