لندن: (دنیا نیوز) برطانوی دارالحکومت لندن کے ہارلے سٹریٹ ہسپتال میں زیرِ علاج بیگم کلثوم نواز ابھی تک وینٹی لیٹر پر ہیں، ان کی لائف سپورٹ رکھی جائے یا ہٹائی جائے؟ اس بات کا فیصلہ پیر کو ہوگا.
سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف لندن کے ہارلے سٹریٹ ہسپتال میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے پہنچے اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کلثوم نواز بدستور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ڈاکٹرز پیر کے روز ان کا دوبارہ معائنہ کریں گے اور وینٹی لیٹر ہٹانے یا نہ ہٹانے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا میرے دورے کا مقصد صرف بیگم کلثوم نواز کی عیادت ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انھیں جلد از جلد صحت عطا فرمائے۔ اس دوران شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی اپنی والدہ کے ہمراہ ہسپتال پہنچے اور بیگم کلثوم کی عیادت کی۔
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دعائیں کرنے پر میں پوری قوم کا شکر گزار ہوں جبکہ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز والدہ کی صحت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتا رہے، وہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہی ہیں، اللہ تعالیٰ انھیں صحت عطا فرمائے۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے ہم لندن پہنچے ہیں، بیگم کلثوم نواز کو ہوش میں نہیں دیکھا، میں اپنی والدہ سے بات کرنا چاہتی تھی، ان کی آواز سننا چاہتی تھی، جب ہم آئے ہیں وہ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم کرب سے دوچار ہیں، دعائیں ہی والدہ کو بچا سکتی ہیں۔