لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کمپنیز سکینڈل کی تحقیقات میں مزید پیشرفت سامنے آگئی۔ نیب نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ، قائداعظم سولر پارک، قائداعظم تھرمل پاور کمپنی، لاہور، بہاولپور، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سمیت 30 کمپنیوں کا مزید ریکارڈ حاصل کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، کمپنیوں نے اربوں کے فنڈز کا بغیر منظوری من پسند طریقے سے استعمال کیا۔
ڈی جی نیب شہزاد سلیم کا کہنا ہے کہ پنجاب 56 کمپنیوں سے متعلق معاملات انتہائی سنجید ہ ہیں، مزید بھی اہم ریکارڈ نیب کو مل گیا، 56 کمپنیوں میں دئیے گئے ٹھیکوں سمیت معاملات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، شہباز شریف کو میگا کرپشن کیس پر طلب کیا، انہوں نے آکر بیان قلم بند کروایا۔ انہوں نے کہا احد چیمہ کیس کا حتمی چالان جلد مکمل کر کے عدالت کو بھجوا دیا جائے گا۔
شہزاد سلیم نے مزید کہا نیب میں تمام کیسز کو دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں فیس کو نہیں، نیب کے سسٹم میں کسی قسم کا کوئی ون مین شو نہیں ہوتا، راجہ قمر السلام نے صاف پانی کے مہنگے ٹھیکے دئیے، ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا نیب نے جن افراد کو بھی گرفتار کیا ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا ہے۔