اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ اور ترکی کے درمیان چارمِلجَم کلاس بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت مِلجَم کلاس کی جہازسازی کی ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہوگی۔ جدید نظام سے لیس اور سٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل بحری جہازوں پر مقامی سطح پر تیار میزائل سسٹم نصب کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ اور ترکی کے درمیان اس معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وزارتِ دفاعی پیداوار راولپنڈی میں ہوئی، معاہدے کے تحت مِلجَم کلاس کی جہازسازی کی ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہو گی، یہ جہاز جدید نظام سے لیس اور سٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل ہو نگے، ترجمان کا کہنا ہے کہ جہازوں پرمقامی سطح پرتیار ہونے والا میزائل سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت پہلا اوردوسرا جہاز استنبول نیوی شپ یارڈ جبکہ تیسرا اور چوتھا جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیارکیا جائے گا۔ اِن جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا جو خطے میں بحری امن کی ضمانت ہے۔