انقرہ: (دنیا نیوز) ترک انتخابات میں رجب طیب اردوان نے پہلا مرحلہ جیت لیا، ترک سپریم الیکشن کونسل نے بطور صدر ان کی کامیابی کا اعلان کر دیا۔
ترک خبر ایجنسی کے مطابق طیب اردوان اور حلیف جماعتوں نے 53.6 فیصد، حریف محرم انجے اور ان کی حلیف جماعتیں 34 فیصد ووٹ حاصل کر سکیں جبکہ کرد جماعت ایچ ڈی پی نے 10 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق ترک سپریم الیکشن کونسل نے رجب طیب اردوان کی کامیابی کا اعلان کر دیا۔ الیکشن میں کامیابی کی خبریں ملتے ہی ان کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کا جشن منایا۔ دوسری جانب پاکستان سمیت مختلف ممالک کی اہم شخصیات نے اردوان کوتہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
طیب اردوان کا کہنا ہے حق و آزادی کے لیے نئے اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں، کوئی بھی شخص انتخابی نتائج پر منفی پروپیگنڈا نہ کرے، ترقی کے لیے دن رات جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا 90 فیصد شرح سے پولنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، قوم نے انتخابات کے ذریعے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کیا، اتحاد جمہور کو ووٹ دینے والوں کا شکریہ۔ ان کا کہنا تھا قوم نے مجھے صدارتی فرض کے ساتھ ملکی خدمت کے لیے چنا، ووٹرز انتخابات میں ہونے والی تلخیوں کو بھول جائیں۔