پشاور: (دنیا نیوز) پشاور دھماکے میں ایک ہی علاقے کے 10 افراد بھی شہید ہوئے جن میں 5 دوست بھی شامل ہیں۔ پانچوں جلسہ گاہ میں ہارون بلور کے ساتھ آئے اور آخرت کے سفر پر بھی ایک ساتھ روانہ ہوئے۔
پشاور کے علاقے یکہ توت میں ہونے والے دھماکے نے شہر میں صف ماتم بچھا دی، اندوہناک واقعے میں نہ صرف اے این پی کے رہنماء ہارون بلور شہید ہوئے بلکہ 5 دوست بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔ دھماکے میں شہید ہونے والے دوستوں میں 18 سالہ عمران، اختر گل، 12 سالہ یاسین، نجیب اور آصف خان شامل ہیں ان تمام کا تعلق یکہ توت کے علاقے سے تھا۔ پانچوں نوجوان نہ صرف ہمسائے بلکہ گہرے دوست بھی تھے۔ جو ہارون بلور کے ساتھ جلسہ گاہ آئے اور ایک ساتھ شہید ہوئے۔ شہداء کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ ہر جگہ ایک ساتھ ہوتے تھے۔
دھماکے میں اسی علاقے کے مزید 5 افراد بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 10 افراد کی مشترکہ نماز جنازہ میں شہر کا شہر امڈ آیا۔