اسلام آباد: (دنیا نیوز) خودکش دھماکے میں اے این پی رہنما ہارون بلور کی شہادت پر نگران وزیراعظم، نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گرد ملک میں جمہوریت کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔
پشاور میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش حملے نے انتخابی مہم کو لہو میں نہلا دیا۔ سیاسی رہنماؤں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں جمہوریت کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے شہید ہارون بلور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اے این پی کے ر ہنما ہارون بلور کی شہادت پر شدید مذمت کی ہے۔ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، خورشید شاہ، چودھری شجاعت، چودھری پرویز الہیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔