مالاکنڈ: (دنیا نیوز) چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بروقت انتخابات چاہتی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کویکساں مواقع فراہم نہیں کیےجا رہے، پیپلزپارٹی کودیوارسے نہ لگایاجائے، دہشتگرد خوف کی فضا سےانتخابات کومتاثرکرنا چاہتےہیں تاہم الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔
مالا کنڈ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مالاکنڈ میں جلسہ منسوخ کردیا ہے، ہمیں الیکشن کیلئے سازگارماحول نہیں مل رہا، کچھ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے، پیپلزپارٹی کوالیکشن میں حصہ لینے سے روکا جا رہا ہے، مشکلات کے باوجود ہمارے امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، پیپلزپارٹی کودیوارسے نہ لگایاجائے، بلاول نے الیکشن کمشن سے مطالبہ کیا کہ انتخابی مہم کیلئے یکساں مواقع نہ ملنے کا نوٹس لیا جائے۔
بلاول نے مزید کہا کہ دہشتگرد خوف کی فضا سےانتخابات کومتاثرکرنا چاہتےہیں، پیپلزپارٹی بروقت انتخابات چاہتی ہے، جمہوریت آمریت سے بہتر ہے اور اسی فلاسفی پر گامزن ہیں، مالاکنڈ سے اسلام آباد اور پھر کوئٹہ جاوں گا۔
چئیرمین پیپلزپارٹی نے انتخابات کے بعد کی ممکنہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ متنازعہ پارلیمنٹ بننے پرعوامی مسائل حل کرنا مشکل ہو گا، پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی، ہم نے سب سے زیادہ امیدوارمیدان میں اتارے ہیں، پیپلزپارٹی کسی صورت انتخابات کا التوا نہیں چاہتی۔
انھوں نے کہا کہ مسائل پارلیمنٹ میں ہی حل ہونےچاہئیں، اداروں کواپنےآئینی دائرہ کارمیں رہناچاہیئے، الیکشن کومتنازعہ بنانے کی کوشش ملکی مفاد میں نہیں، نیشنل ایکشن پلان پرشروع سےعمل نہیں کیا گیا، دہشت گردچاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت نہ ہو، عدلیہ کا کام ڈیم بنانا نہیں انصاف دینا ہے۔
بلاول نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو زندہ لاشیں اور گدھا کہنا عوام کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے۔
حریف جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان دونوں جماعت کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہیں اور پیپلزپارٹی کا ان سے مختلف اپنا نظریہ ہے۔