کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے مخلوط حکومت کا اشارہ دے دیا۔ انہوں نے کہا جی ڈی اے اتحاد کٹھ پتلی الائنس ہے، دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، کراچی کو کراچی ہی بناؤں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہمارے امیدواروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، لیاری اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں، امیدواروں کو دباؤ ڈال کر وفاداری تبدیل کرنے کا کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا عوام کی طاقت اور پارٹی امیدواروں کی وفاداری پریقین رکھتا ہوں، وفاداریاں تبدیل کرانے والے کٹھ پتلیاں لانا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا عوام کو اس سے غرض نہیں کہ کس کو کیوں نکالا ؟ جی ڈی اے کا الائنس کٹھ پتلی الائنس ہے، دباؤ کے تحت پنجاب اور سندھ سے لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بی بی کے بیٹے کو آسان راستہ نہیں دیا جائے گا، کچھ لوگ یہاں جمہوریت نہیں چاہتے، انکی یہ کوشش جاری رہے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا لیاری میں بھی کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جی ڈی اے کی طرح ہر انتخابات میں الائنس بنتے ہیں، کوئی نئی بات نہیں، سندھ کی تاریخ میں کسی اور وزیراعلیٰ نے اتنا کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ الیکشن میں بھی 10 پارٹی اتحاد بنا تھا، ہم الیکشن شکست یا جیت نہیں، نظریے کیلئے لڑتے ہیں، کراچی پر راج کرنے والوں کا کردار سامنے آگیا ہے، کراچی میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔