نواز، مریم کا اڈیالہ جیل میں ساتواں روز، اہلخانہ اور لیگی قیادت کی ملاقاتیں

Last Updated On 19 July,2018 05:28 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے قید کے 7 دن پورے ہوگئے۔ اڈیالہ جیل میں آج ملاقاتوں کا تانتا بندھ گیا۔ شریف خاندان کے 17 افراد سمیت 40 سے زائد افراد ملاقات کریں گے۔

ملاقات کے لیے پرویز رشید، گورنر سندھ محمد زبیر، مریم نواز کا بیٹا جنید صفدر، بیٹیاں ماہ نور، مہر النساء اور داماد بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔ مریم اورنگزیب، سردار ایاز صادق ، خرم دستگیر اور سردار مہتاب نے بھی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی۔

میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے کہا کہ 3 بار کا منتخب وزیر اعظم جیل میں ہے جبکہ عمران خان نے احتساب عدالت کو کہہ دیا کہ پیش ہونے کا وقت نہیں، الیکشن کے بعد عدالت آؤں گا، گرفتاری کے بعد مریم نواز کی اپنے والد سے آج ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر مریم اور نگزیب کا کہناتھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کیساتھ جیل میں سلوک شرمناک ہے، نواز شریف نے کارکنان کو پیغام بھیجا ہے کہ 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔

دوسری جانب آج اڈیالہ جیل میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی جبکہ نواز شریف اور مریم نواز سے ان کے وکلا کی آج طے شدہ ملاقات بھی منسوخ کر دی گئی۔