پاکستانی انتخابات سیاسی ماحول میں منعقد ہوئے، یورپی یونین مبصر

Last Updated On 27 July,2018 11:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یورپی یونین مبصر مشن کے چیف مائیکل گیہلر نے کہا ہے کہ ابھی تک بہت سے حلقوں نے نتائج متوقع ہیں، تاہم اس سے انتخابی عمل کو نقصان نہیں پہنچے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیکل گیہلر کا کہنا تھا کہ رواں انتخابات میں ای یو مبصرین کی تعیناتی میں تاخیر کا مظاہرہ کیا گیا، اس عمل سے انتخابی عمل کی نگرانی پر فرق پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین مبصر مشن نے 113 مختلف انتخابی حلقوں کا دورہ کیا۔

مائیکل گیہلر کا کہنا تھا کہ سیاسی ماحول نے 2018ء کے انتخابات کو بری طرح متاثر کیا، انتخابی مہم پر الیکٹ ایبل بری طرح اثر انداز ہوئے، جبکہ انتخابی روز کہیں کہیں ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی سٹاف کی طرف سے متاثر ہوا۔

تاہم یورپی یونین کے چیف مبصر مائیکل گیہلر نے کہا کہ ہمیں نتائج سے نہیں بلکہ انتخابی عمل کے انعقاد سے دلچسپی ہے، انتخابی روز پولنگ کا عمل مناسب انداز میں جاری رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل ابھی جاری ہے مکمل نہیں ہوا، ابھی بھی ہمارے مبصر پاکستان بھر میں متعلقہ شخصیات سے مل رہے ہیں اور انتخاباتی شکایات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

مائیکل گیہلر نے کہا کہ انتخابی عمل کی قانونی حیثیت کا تعین کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے، ہمارا کام صرف نتائج تک اس عمل کی نگرانی کرنا تھا، ابھی تک بہت سے حلقوں نے نتائج متوقع ہیں تاہم نہیں سمجھتا اس سے انتخابی عمل کو نقصان پہنچے گا۔

 

Advertisement