الیکشن میں شکست، آفاق احمد نے پارٹی چیئرمین شپ چھوڑ دی

Last Updated On 27 July,2018 07:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آفاق احمد نے الیکشن میں شکست کے بعد ایم کیو ایم حقیقی کی چیئرمین شپ سے استعفے کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے پریس کانفرنس کے دوران پارٹی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں انتخابات میں نتائج کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، پارٹی کو اب نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر کارکنانوں کی جانب سے شدید مخالفت اور نعرہ بازی کی گئی لیکن آفاق احمد نے پرزور اصرار کے باوجود فیصلہ واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں فیصلے تبدیل کرنے والا شخص نہیں ہوں، پارٹی کی الیکشن میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جمہوری روایات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، کارکن کے ساتھ قیادت بھی غلطی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کارکن کی حیثیت سے اس قوم کے لئے آخری سانس تک جدوجہد کروں گا، کارکنان مینجنگ کمیٹی بنائیں اور پارٹی کو دوبارہ مضبوط کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں مہاجر سیاست کرنے والوں کو پہلے سے خبردار کر رہا تھا کہ یہ شہر ان کے ہاتھوں سے چھینا جا رہا ہے لیکن میری باتوں پر دھیان نہیں دیا گیا اور آج یہ شیر ہاتھوں سے نکل گیا۔