لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے مافیا کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، کرپشن کا مال چھپانے کے نسخے تلاش کرنے میں ناکامی کے بعد جمہوری عمل میں روڑے اٹکانے کیلئے بے سروپا مہم چلائی جا رہی ہے۔
مختلف اضلاع کے نومنتخب اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ابھی عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف نہیں اٹھایا لیکن ڈالر کو ریورس گیئر لگ چکا اور سٹاک مارکیٹ سمیت ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے ساتھ ہی نئے دور کا آغاز ہو گا اور تبدیلی کا یہ سفر ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ملک و قوم کو نیا مستقبل دے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی کرشماتی شخصیت کے باعث ہر شعبہ زندگی کی اہم ترین شخصیات تبدیلی کی خوشبو محسوس کرنے لگی ہیں، کپتان نے روشن پاکستان کی خواہش رکھنے والے ہر شخص کے دل میں امیدوں کے چراغ روشن کر دیئے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھ کر اقتدار کے مزے اور عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹنے والوں کو کبھی دوسروں کی کامیابی ہضم نہیں ہوتی، مرضی کی جمہوریت اور اداروں کو غلام بنانے کے عادی خاندان کو اپنے مستقبل کے لالے پڑ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاہ کرتوتوں کے مالک اسمبلی میں سیاہ پٹیاں باندھ کر آئیں یا سفید کپڑے پہن کر اپوزیشن میں بیٹھیں، تبدیلی کا سفر رکنے والا نہیں ہے۔