لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس اہلکاروں پر تشدد اور ہوائی فائرنگ میں ملوث تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم بارا اور دیگر ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا پروڈکشن آرڈر کے تحت پنجاب اسمبلی میں حلف اٹھا سکیں گے۔ پروڈکشن آرڈر کے تحت تفتیشی ٹیم انہیں پنجاب اسمبلی لانے کی پابند ہو گی۔
ندیم عباس بارا پولیس اہلکاروں پر تشدد اور ہوائی فائرنگ کے الزام میں تھانہ ہنجروال میں 5 روزہ ریمانڈ پر ہیں۔ دو روز قبل درج ہونے والے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 بھی شامل کی گئی ہے۔ ندیم عباس بارا کے مزید ریمانڈ سے متعلق فیصلہ تفتیشی آفیسر کریں گے۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے فائرنگ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحریکِ انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
اتوار کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کا ازخود نوٹس لیا، اس موقع پر آئی جی پنجاب سید کلیم امام اور دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 50 افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر پہنچی تو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وردیاں تک پھاڑ دی گئیں جس کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
واقعے کے خلاف سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا جس میں پی ٹی آئی رہنما ندیم بارا ، منیر بارا سمیت 27 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ مقدمے میں اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔