آج پنجاب میں 148 نشستوں کا ہدف پورا کر لیں گے:فواد کا دعویٰ

Last Updated On 30 July,2018 02:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں حکومت سازی کے لئے سیاسی رابطے مزید تیز ہوگئے، فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آج مزید چار ارکان پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے، آج رات تک تحریک انصاف کا پنجاب میں نمبر140 تک پہنچ جائے گا، حکومت سازی کے حوالے سے ارکان کے ساتھ مکمل رابطے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مزید 3 آزاد منتخب اراکین سے جہانگیر ترین کے معاملات طے پاگئے، این اے 97 بھکر سے ثناءاللہ مستی خیل، پی پی 89 سے امیر محمد خان اور پی پی 90 سے سعید اکبر نوانی شمولیت کی یقین دہانی کرا دی۔

ادھر مسلم لیگ قائدِاعظم (ق لیگ) نے حکومت سازی کیلئے پاکستان تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ن لیگ کو صاف انکار کر دیا، دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق یہ اہم فیصلہ چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں پارٹی کی اعلیٰ سطح مشاورت میں کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مفادات کے لئے رابطہ کیا، ہم تحریکِ انصاف کے اتحادی ہیں اور اس اتحاد کو اب مزید مضبوط کیا جائے گا ، مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ق لیگ کی قیادت سےرابطہ کیا تھا اور پنجاب میں مرضی کا عہدہ دینے کی بھی پیش کش کی تھی۔