لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں صبح سویرے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ میانوالی، سانگلہ ہل اور نواحی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور تیز ہواوں سے حبس کا زور ٹوٹ گیا. محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے.
آج صبح سویرے لاہور، میانوالی، چناب نگر، صفدرآباد اورگردونواح میں سرمئی بادلوں اور ٹھنڈی ہوا سے چھٹی کے دن کا مزہ دوبالا ہو گیا۔ بعد ازاں ہونے والی بارش نے ساون رت کے سارے رنگ بکھیر دئیے۔ سانگلہ ہل اور نواحی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ ٹھنڈی ہواوں نے حبس زدہ فضا میں جیسے جان ڈال دی اور شہری خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقے بدستورگرمی کی لپیٹ میں ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25، ژوب میں 26، قلات میں19، نوکنڈی میں28، گوادر، دالبندین، جیونی، لسبیلہ، پسنی ، پنجگور اورتربت میں 29 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔