اسلام آباد: (دنیا نیوز) بابر اعوان کا کہنا ہے پاکستان کو مضبوط کرنے کا طریقہ اداروں کو مضبوط بنانا ہے، ادارے مضبوط تب ہی ہوتے ہیں جب کسی فرد کا عمل دخل نہ ہو، تحریک انصاف کا اداروں کے ساتھ نیا سفر شروع ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہنا تھا الیکشن 2018 آئین کے مطابق ہوئے، پنجاب میں ہمارے پاس اکثریت ہے، پنجاب میں لمبے عرصے بعد عوام اپنی حکومت بنائیں گی۔ انہوں نے کہا وزرا کے ناموں کا فیصلہ صرف عمران خان کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ فضل الرحمان اور محمود اچکزائی آپس میں فیصلہ کریں دھاندلی کیسے ہوئی، جو جماعتیں الیکشن کا نتیجہ منظور کر کے پارلیمنٹ میں آرہی ہیں بہت اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی طرف سے آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوا، 3 کیسزمیں اپنا وکالت نامہ جمع کرا دیا ہے۔