کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں صحت کی ناکافی سہولیات بڑا مسئلہ بن گئیں، صوبے کا سب سے بڑا رُتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی گنجائش سے زیادہ مریضوں کے باعث سہولیات کی فراہمی میں ناکام نظر آتا ہے۔
کراچی کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں سہولیات کا فقدان، جہاں علاج کے حصول کے لیے آنے والے لمبی قطار کے اذیت ناک عمل سے گزرتے ہیں۔ شہر کے دور دراز علاقوں سے آنے والوں مریضوں کو یہ علم نہیں ہوتا کہ آج ان کی باری آئے گی بھی یا نہیں، کم و بیش یہی حال سندھ کے تمام ہسپتالوں کا ہے جہاں گنجائش سے کہیں زیادہ مریض موجود ہیں اور علاج نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور ادویات نایاب ہیں۔
رُتھ فاؤ سول ہسپتال کے اے ایم ایس ڈاکٹر عارف نیاز کہتے ہیں کہ سول ہسپتال میں روزانہ 7 ہزار سے زائد بیرونی مریض آتے ہیں۔ ہسپتال کے چکر کاٹنے والے مریضوں کا شکوہ ہے کہ لمبی قطاروں میں کھڑے رہنا کسی اذیت سے کم نہیں ہے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ مسیحاؤں کی تعداد میں اضافہ کرے اور صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے تاکہ ان کے دکھوں کا مداوا ہو سکے۔