منی لانڈرنگ سکینڈل: آصف زرداری اور فریال کی آج جے آئی ٹی میں طلبی

Last Updated On 28 July,2018 02:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا معاملے پر ایڈیشنل ڈائریکٹرایف آئی اے نجف مرزا کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو آج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ارکان کو منی لانڈرنگ کے حوالے سے مزید شواہد ملے ہیں جن کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اجلاس میں فرانزک رپورٹ آنے کے بعد 3 مقدمات درج کرنے پرغور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نجی بینک کے سربراہ اور دیگر 3 افسران کو طلب کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو سپریم کورٹ نے پیشی کیلئے الیکشن تک کی مہلت دی تھی۔ دریں اثناء بینکنگ کورٹ نے اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 18 اگست تک منظور کرتے ہوئے انہیں 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ جمعہ کو بینکنگ کورٹ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے اپنے وکیل کے توسط سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ انور مجید، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود، محمد عارف خان، عدیل شاہ راشدی، ناصر عبداللہ حسین لوتھا، محمد اشرف، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، قاسم علی، شہزاد علی اور اعظم وزیر خان کو مفرور قرار دیا ہے ۔ حسین لوائی اور طحٰہ رضا کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔