اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ داخلہ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے، دونوں رہنماؤں کے نام مبینہ منی لانڈرنگ کے معاملے میں ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیئے گئے، دونوں رہنماؤں کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت، سیکرٹری داخلہ نے منظوری دے دی۔
جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کے معاملے پر سپریم کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت تمام فریقین کو 12 جولائی کو طلب کیا تھا۔
سماعت کے موقع پر عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کرنے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں کیوں ڈالا گیا؟ سپریم کورٹ نے تو ایسا کوئی حکم نہیں دیا۔