مراد علی شاہ سمیت 122 امیدوار دوہری شہریت کے حامل نکلے

Last Updated On 16 June,2018 06:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ عام انتخابات کیلئے امیدواروں میں سے دوہری شہریت رکھنے والوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی، جس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فیصل واڈا، فوزیہ قصوری سمیت ملک بھر سے قومی صوبائی اسمبلی کے 122 امیدوار دوہری شہریت رکھتے ہیں۔

 عام انتخابات 2018 کیلئے امیدواروں کی دوہری شہریت سے متعلق رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے لئے49، پنجاب اسمبلی کے لئے 53 امیدوار دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ سندھ اسمبلی کے لئے 11، خیبرپختنونخواہ کے لئے 8 جبکہ بلوچستان اسمبلی کیلئے امیدواروں میں سے ایک دوہری شہریت کا حامل نکلا ہے۔

سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور فوزیہ قصوری کے پاس کینیڈا کی بھی شہریت ہے، تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں، نادر لغاری، گلفام سواتی کے امریکہ، فرحانہ قمر برطانیہ جبکہ احمد یار حراج کینیڈا کی شہریت بھی رکھتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کے حامل امیدواروں کی فہرست ریٹرننگ افسران کو دیدی ہے۔