کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے منی لانڈرنگ سکینڈل میں بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو طلب کر لیا ہے۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کا پہلا اجلاس تقریباً 8 گھنٹے جاری رہا جس کی سربراہی ڈاکٹر نجف مرزا نے کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب اور ڈائریکٹر سندھ سمیت سات افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بیانات کے لیے مورخہ 28 جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی کے سارے اراکین زرداری گروپ میں منتقل ہونے والی رقم پر جرح کرینگے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جے آئی ٹی 6 اگست کو سپریم کورٹ کے سامنے منی لانڈرنگ کے سارے ثبوت پیش کریگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو زرداری گروپ میں رقم کی منتقلی کے مزید ثبوت مل گئے ہیں، سپریم کورٹ میں پیش ہونے سے قبل مزید دو سے تین ایف آئی آرز درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔