اسلام آباد: ( دنیا نیوز) پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہو گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اجلاس کی صدارت کرینگے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لئے ناموں پر بھی مشاورت کرینگے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے عاطف خان کے نام سے اختلاف کرتے ہوئے صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کیلئے دو نام پیش کر دیئے ہیں۔ اگرچہ عاطف خان کا نام خیبرپختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ کیلئے مضبوط امیدوارکے طورپر سامنے آچکا ہے ا سکے باوجود پرویزخٹک تاحال اپنی مرضی کا وزیراعلیٰ لانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق انھوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ انہیں آئندہ سیٹ اپ میں وزیر اعلیٰ نہیں بنانا چاہتے تو ان کے تجویز کردہ دو ناموں میں سے کسی ایک کو وزیر اعلیٰ بنا دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں شاہ فرمان اور محمود خان کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان عاطف خان کو وزیر اعلیٰ بنانے کے حق میں ہیں تاہم ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کے اختلاف کے باعث پارٹی میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں روزنامہ دنیا کی جانب سے پی ٹی آئی کے اہم رہنما سے رابطہ کیا گیا توانھوں نے کہا کہ چیئرمین مرکز سمیت صوبوں میں بھی حکومت سازی کیلئے تمام لوگوں سے مشاورت کر رہے ہیں اس سلسلے میں ہر کسی کی جانب سے تجاویز پیش کی جا رہی ہیں تاہم سب سے مشاورت کے بعد آخری فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔