اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ اںصاف کے چیئرمین عمران خان سے روسی سفیر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
روسی سفیر کا کہنا تھا کہ ماسکو پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا خواہاں ہے۔ روس معاشی تعاون اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ دہشت گردی کے انسداد اور افغانستان میں قیام امن کے لیے اشتراک کے خواہاں ہیں۔ باہمی تعاون کی راہ میں حائل مسائل کے فوری حل کی تدبیر کرنا ہو گی۔ روسی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور روسی بینکوں کے مابین براہ راست روابط کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ امریکی انتظامیہ سمجھ چکی ہے کہ افغانستان کے مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں، میں اور میری حکومت روس کے ساتھ تعاون میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ روسی ڈرلنگ کمپنیوں کو پاکستان آمد کی دعوت دینا چاہیں گے۔