راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی ایوی ایشن نے گلگت بلتستان میں 20 ہزار 650 فٹ کی بلندی پر کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے لاتوک چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما کو زندہ بچا لیا، آرمی چیف نے سی ایم ایچ میں روسی کوہ پیما کی عیادت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف 25 جولائی کو مہم جوئی کے دوران بیافو گلیشیئر پر پھنس گئے تھے۔ تین دن قبل ان کے پاس کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہو گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے روسی کوہ پیما کی تلاش میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم پانچ روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد کوہ پیما کو بچا کر سی ایم ایچ سکردو اور پھر راولپنڈی منتقل کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے سی ایم ایچ راولپنڈی میں روسی کوہ پیما کی عیادت کی۔