اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کوئٹہ کا دورہ، شہید سراج رئیسانی کو "سولجر آف پاکستان" قرار دے دیا، شہید کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید سراج رئیسانی کو "سولجر آف پاکستان" قرار دے دیا۔ آرمی چیف شہید رہنماء کے گھر گئے اور ورثا سے بھی تعزیت کی، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے ایک بہادر اور محب وطن پاکستانی کھو دیا۔ سراج رئیسانی کی جرات اور پاکستان کے لیے خدمات پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی تین نسلوں نے پاکستان کے لیے قربانی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور قوم انتہا پسندی اور دہشتگردی کے چیلنج کے خلاف کھڑے ہیں اور دشمن کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔ مستقل امن کی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے خاندانوں سے بھی تعزیت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔