سانحہ مستونگ پر عالمی برادری کی پرزور مذمت

Last Updated On 14 July,2018 11:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں دہشتگرد حملوں پر بین الاقوامی سطح پر بھی مذمت کا سلسلہ جاری، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ دہشتگرد حملے پاکستانی عوام کو جمہوری حق سے محروم رکھنے کی بزدلانہ کوشش ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا حملوں کی سخت مذمت کی، ہیدرنورٹ کا کہنا ہے کہ حملے پاکستانی قوم کو حق رائے دہی سے روکنے کی بزدلانہ کوشش ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ یورپی یونین نے اور اسلامی تعاون تنظیم نے بھی خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمی افراد کی جلد صحتیابی جبکہ شہید افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ کشمیری حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے بھی جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور بیماروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔