کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سربراہ جام کمال کو وزیرِاعلیٰ جبکہ عبدالقدوس بزنجو کو سپیکر نامزد کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں بلوچستان عوامی پارٹی، اے این پی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ فیصلے کے بعد جام کمال کو وزیرِاعلیٰ بلوچستان جبکہ عبدالقدوس بزنجو کو سپیکر نامزد کیا گیا۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال کا اتحادی جماعتوں کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج اتحادی جماعتوں کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، ہم سادہ اکثریت سے بڑھ کر پوزیشن حاصل کر چکے ہیں، تاہم ابھی اے این پی اور ایم ایم اے کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، مذاکراتی عمل دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی جاری رکھیں گے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کے قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ہم پر اعتماد کیا، ہم نے اتفاق کیا ہے کہ بلوچستان سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا، بلوچستان میں بہتر گورننس لائیں گے، ہم 6 ماہ گزاریں گے یا 5 سال، ہماری اچھی گورننس ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ صوبے کے لوگوں کی زندگی میں بہتری لائیں۔