اٹھارہ اگست پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک اہم دن

Last Updated On 10 August,2018 07:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دس سال پہلے اٹھارہ اگست کو ملک سے آمریت کا خاتمہ ہوا اور جمہوریت کی سانسیں بحال ہوئیں، دس سال بعد ایک بار پھر 18 اگست کو ایک نئی جمہوری پارٹی ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے جا رہی ہے۔

 

18 اگست کی تاریخ ملک میں جمہوریت کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔ دس سال پہلے اٹھارہ اگست 2008ء میں اس وقت کے آمر جنرل پرویز مشرف نے پارلیمنٹ میں مواخذے کی قرارداد سے پہلے ہی استعفیٰ دے کر عنانِ اقتدار عوامی نمائندوں کو منتقل کیا۔ دس سال ملک میں جمہوریت کا دور خوب چلا اور دو بڑی جماعتوں نے پہلی بار اپنی اپنی جمہوری حکومتوں کی مدت پوری کی۔

اٹھارہ اگست 2008ء کے بعد اب اٹھارہ اگست 2018ء آ رہی ہے۔ دن وہی، مہینہ وہی، مگر دس سال بعد ایک تیسری سیاسی جماعت جمہوریت کو مضبوط کرنے جا رہی ہے۔

دس سال پہلے جس تاریخ کو جنرل پرویز مشرف رخصت ہوئے، اسی تاریخ کو عمران خان عنانِ اقتدار سنبھال کر ملک میں جمہوریت کی نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید کہتے ہیں کہ 18 اگست کا فیصلہ عمران خان نے خود کیا ہے۔ 18.08.08 اور 18.08.18 کے ہندسوں میں فرق تو صرف 1 کا ہے لیکن ان تاریخوں کے دوران تین جمہوری حکومتوں کی تاریخ ملک میں پروان چڑھتی جمہوریت کی گواہی ضرور دے رہی ہے۔