کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ پر پارک تھا، طیارے تک خاتون کی رسائی نے سیکیورٹی کا پول کھول دیا۔
قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیارے میں غیر ملکی خاتون کی جانب سے پاکستانی پرچم پہن کر رقص نے سیکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے یہ غیر ملکی خاتون اطمینان سے پاکستانی لباس اور قومی پرچم زیب تن کیے رقص کر رہی ہے۔
اس معاملے نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے انتظامات کی بھی قلعی کھول دی ہے۔ خاتون کا قومی پرچم لے کر واہیات رقص پی آئی اے کی بدحالی کا بڑا ثبوت ہے۔ خاتون کی طیارے تک رسائی اور ویڈیو بنانے والے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پی آئی اے نے خاتون کے رقص والی ویڈیو سے لاتعلقی کا اظہار کرتے وہئے اسے اپنے سوشل میڈیا پیج سے بھی ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس بات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے کہ یہ طیارہ کس ایئرپورٹ پر پارک تھا، اس واقعے میں کون کون ملوث ہے؟ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پی آئی اے کے طیارے میں کیکی چیلنج کرنے والی غیر ملکی خاتون کا بیان سامنے آ گیا ہے۔ ایوازوک نامی اس خاتون نے کہا ہے کہ رقص میں پاکستانی پرچم کی موجودگی کے باعث لوگوں کی دل آزاری ہوئی، جس پر میں پاکستانیوں معذرت کرتی ہوں، مجھے پاکستان کے لوگوں اور کلچر سے بہت محبت ہے۔