پی آئی اے کا سیبر سسٹم 3 گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال

Last Updated On 07 August,2018 06:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا سیبر سسٹم تین گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا۔ سیبر سسٹم بیٹھنے سے پی آئی اے کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ ٹکٹوں کی ریزرویشن معطل رہی جبکہ بورڈنگ پاس جاری کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیبر سسٹم بیٹھ جانے سے ٹکٹوں کی ریزرویشن معطل ہو گئی تھی۔ سسٹم چیک ان نہ ہونے سے بورڈنگ پاس جاری کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کیلئے مینول طریقے سے بورڈنگ پاس جاری کئے گئے۔ سسٹم کی خرابی کے باعث دو پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ لاہور جانے والی پروازوں کے مسافروں کا رش لگ گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ہیڈ آفس کے قریب آئی ٹی سینٹر سے متصل کے الیکٹرک کے کیبل سسٹم میں آگ لگی تھی جس کی وجہ سے سیبر سسٹم بیٹھ گیا تھا۔