مانچسٹر سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی

Last Updated On 02 June,2018 05:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، مانچسٹر سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 710 سے پرندہ ٹکرا گیا۔ پائلٹ نے بحفاظت جہاز کو اتار لیا۔

قومی ائیرلائن کی فلائٹ حادثے سے بال بال بچ گئی، انگلینڈ سے لاہور آنے والی پرواز سے لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرا گیا، جس سے جہاز کا انجن شدید متاثر ہوا، پرواز میں 270 مسافر سوار تھے۔

واضح رہے کہ ائیرپورٹ کی حدود سے 13 کلومیٹر تک پرندوں کا خاتمہ سول ایوی ایشن کی ذمہ داری ہے، پرندوں کے خاتمے کیلئے برڈ شوٹر بھی رکھے گئے ہیں لیکن ائیرپورٹ کے گرد تعمیرات، کھانے پینے کی بکھری اشیاء اور گندگی پرندوں کے پلنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے اور سول ایوی ایشن کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پاکستان میں اب تک ہوائی جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے سینکڑوں واقعات ہوچکے ہیں۔ جہاز سے پرندہ ٹکرانے سے بیس سے پچاس لاکھ روپے تک نقصان ہوتا ہے، اگر انجن تباہ ہوجائے تو ایک ارب روپے کا بل پڑسکتا ہے، ونڈ سکرین پر دس لاکھ روپے اخراجات آتے ہیں۔

Advertisement