کراچی: ( روزنامہ دنیا) پی آئی اے نے قبل از حج آپریشن کا فلائٹ شیڈول جاری کر دیا، پہلی فلائٹ 300 سے زائد عازمین لے کر کراچی سے مدینہ چلی گئی۔
ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق جناح ٹرمینل سے پہلی خصوصی پرواز پی کے 7001 مدینہ روانہ ہوگئی جس کو پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان سمیت دیگر افسران نے الوداع کیا۔
تیسری حج پرواز پی کے 7017 16 جولائی کو دوپہر ڈھائی بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی۔ چوتھی حج پرواز پی کے 0763 17 جولائی کو فیصل آباد سے دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر 300 کے قریب عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہوگی۔
ترجمان کے مطابق 250 خصوصی اور شیڈولڈ پروازوں کے ذریعے 60 ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا، پی آئی اے اپنے طیاروں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کرے گی۔ قومی ایئر لائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کریں گے۔
عازمین حج کی 14 جولائی کو شروع ہونے والی روانگی کا سلسلہ 15 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد از حج آپریشن 27 اگست سے شروع کیا جائے گا۔