پاک فوج کا یومِ آزادی پر قوم کو تحفہ، شجر کاری مہم کا افتتاح

Last Updated On 14 August,2018 05:54 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) یومِ آزادی کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہلیہ کے ہمراہ سرسبز وشاداب پاکستان شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ مہم کے دوران ملک بھر میں ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔ آرمی چیف نے اپیل کی ہے کہ درخت زندگی ہیں، ہر پاکستانی ایک پودا ضرور لگائے۔

ریس کورس پارک راولپنڈی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ملک بھر میں شہری تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک کروڑ پودے لگائے گی، ملک کو جنگلات کی کٹائی سے لاحق خطرات سے بچانے کے لیے درختوں کی ضرورت ہے۔

شجر کاری مہم کے حوالے سے بریفنگ میں آرمی چیف کو بتایا گیا کہ سٹلائیٹ خاکوں کے ذریعہ ایسی جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو ویران تھیں۔ شجر کاری مہم کے تحت پہلے روز 20 لاکھ پودے لگائے گئے۔

 

اس موقع پر آرمی چیف کی اہلیہ نے کہا کہ ہم اپنی آئندہ نسل کو ایک سرسبز پاکستان دینا چاہتے ہیں تو کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں، ہمیں اپنے ہر بچے کی پیدائش پر ایک پودا لگانے کی ریت اپنانی چاہیے۔