اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے بائیسویں وزیرِاعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ نومنتخب اراکین اس اجلاس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب کریں گے۔
وزیرِاعظم کے انتخاب کیلئے عام انتخابات 2018ء میں سب سے زیادہ نشستیں لینے والی پارٹی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف مدِمقابل ہیں۔
ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف سابق وزیرِ خارجہ خواجہ آصف اور دیگر رفقا کے ہمراہ اسمبلی ہال میں داخل ہوئے اور سب سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان اپنی سیٹ سے اٹھے اور شہباز شریف کے پاس خود جا کر ہاتھ ملایا اور کچھ سرگوشی کی۔ اس کے بعد اجلاس کی کارروائی کا اجلاس تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔
اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی ن لیگ کے اراکین نے قومی اسمبلی میں احتجاج اور نعرہ بازی شروع کر دی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے سپیکر کی توجہ گیلری میں کھڑے لوگوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ اس سے ایوان کا تقدس مجروح ہو رہا ہے، پہلے ان کو باہر نکالا جائے، جس کے بعد سپیکر نے گیلری میں کھڑے لوگوں کو باہر نکل جانے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب سپیکر کی جانب سے انتخابی طریقہ کار سمجھانے کے وقت بھی مسلم لیگ ن کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کرتے رہے۔
اس کے بعد سپیکر اسد قیصر نے وزیرِاعظم کے چناؤ کیلئے ایوان کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے معزز اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ووٹ دینے والے لابی نمبر ایک میں تشریف لے جائیں جبکہ شہباز شریف کو ووٹ دینے کے خواہشمند لابی نمبر دو میں چلے جائیں۔
اس وقت وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کیلئے رائے شماری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ قومی اسمبلی اراکین نے اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے اپنا نام اور حلقے کے بارے میں معلومت لکھوائیں۔
ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کو اس وقت ایوان میں 180 کے قریب اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی نے اس انتخاب میں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کے برعکس قائدِ ایوان کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہوتا ہے جس کے تحت ارکان اسمبلی اپنے اپنے امیدواروں کی لابی میں چلے جائیں گے اور ان کی گنتی کے بعد سپیکر کامیاب امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے۔ انتخاب کے بعد قائد ایوان سنیچر کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جہاں صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس کی دنیا نیوز پر لائیو کوریج دیکھئے