اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے بیرون ملک پاکستانی ضمنی انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے، ملک بھر میں ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوں گے۔
یاد رہے ملک بھر میں ضمنی الیکشن 14 اکتوبر کو منعقد ہوں گے جس میں امیدواروں کی جانب سے خالی کی گئی اضافی نشستوں پر پولنگ ہوگی۔ اس حوالے سے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 28 سے 30 اگست تک وصول کئے جائیں گے جس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا کام ہوگا جو 4 ستمبر تک مکمل کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف جن امیدواروں کو اعتراض ہوگا وہ 8 ستمبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے ، اپیلٹ ٹریبونل ان درخواستوں کو 13 ستمبر تک ہر صورت نمٹائیں گے جس کے بعد امیدوار کاغذات نامزدگی 15 ستمبر تک واپس لے سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور 16 ستمبر کو انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد 14 اکتوبر کو پولنگ کا عمل ہوگا اور ووٹوں کی گنتی کے بعد کامیاب امیدوار کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔