لاہور: (دنیا نیوز) سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ متفقہ صدارتی امیدوار ابھی بھی خارج از امکان نہیں لیکن گیند پیپلز پارٹی کی کورٹ میں ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہوتی تو صدارتی انتخاب میں اپ سیٹ ہو سکتا ہے، متفقہ امیدوار سامنے آ جاتا تو حکومت کو سانس چڑھا رہتا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن میں ڈیڈ لاک والی صورتحال نہیں، روابط بحال ہیں اور بات چل رہی ہے، کاش پیپلز پارٹی قبل از وقت اعتزاز احسن کا نام نہ لاتی، متفقہ صدارتی امیدوار ابھی بھی خارج از امکان نہیں لیکن گیند پیپلز پارٹی کی کورٹ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے اکثریت میں ہونے کے باجود دوسری پارٹی کے امیدوار کو نامزد کیا، کاش پیپلز پارٹی بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کرتی۔ سیاست میں آگے چلنے کے لئے دل بڑا کرنا ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کی مجبوریاں کیا ہیں، ہمیں کچھ معلوم نہیں ہے۔