واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز چاہتے ہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کا تعاون ضروری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہت سے چیلنجز ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج سہ پہر اسلام آباد پہنچیں گے، نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا ءایلز ویلز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔
اسلام آباد پہنچنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے جبکہ مذاکرات وفود کی سطح پر ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی مائیک پومپیو کی ملاقات کا امکان ہے۔
ادھر سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کیساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر بات ہو گی، پاکستان امریکہ سے کولیشن سپورٹ فند کی رقم روکے جانے کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ دورہ مکمل کرنے بعد بھارت روانہ ہو جائیں گے۔