اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے جنگ ستمبر ملکی نظریہ، جغرافیہ اور وقار کیلئے پاکستانی افواج و عوام کے لازوال اتحاد کا مظہر ہے، شہداء نے اپنے جذبہ شہادت سے دفاع وطن کی لازوال داستاں رقم کی، 6 ستمبر کو جسد واحد کا ثبوت دینے والے پاکستانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے یوم دفاع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 6 ستمبر دشمنوں کو سبق یاد دلانے کا دن ہے، افواج اور عوام ملکی دفاع، ترقی اور وقار و خودمختاری کیلئےایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، آج کا دن شہدا، غازیوں کے لہو کی شفق مادروطن میں آزادی، سلامتی اور اعتماد کی کرن بن کر طلوع ہوتی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہداء قوم کا غرور ہیں جنہوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو مار بھگایا اور دفاع وطن کیلئے لازوال داستاں رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن پیغام ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، شہدا کے لہو سے روشن چراغ قومی عزم کا واشگاف اعلان ہے کہ ہم ارض پاک کے لئے سینہ سپر ہیں، آج تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم نے جنگ ستمبر کے جذبے سے سر شار ہوکر اتحاد، یک جہتی اور بھائی چارے کے ساتھ پاکستان کو فلاحی اور ناقابل تسخیر قوت بنائیں گے۔