راولپنڈی: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے یوم دفاع کے موقع پر شہید کیپٹن عمر زیب کی راولپنڈی میں رہائش گاہ پر انکے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج ہم محفوظ اور آزاد ہیں تو اسکی وجہ بہادر سپوت پیدا کرنے والے یہ خاندان ہیں۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیپٹن عمر زیب شہید کی رہائشگاہ پر ان کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 25 سال کے جوان بیٹے کیپٹن عمر زیب نے قوم کی خاطر جام شہادت نوش کیا، آج ہم محفوظ اور آزاد ہیں تو اسکی وجہ بہادر سپوت پیدا کرنے والے یہ خاندان ہیں، دعاہے اللہ کیپٹن عمر زیب اور تمام شہدا کے خاندانوں کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔
اس موقع پر کیپٹن عمر زیب شہید کے والد کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم، حکومت اور پاک فوج کی جانب سے حوصلہ بڑھانا ہمارے لیے سکون کا باعث ہے۔ ان کے بیٹے کیپٹن عمر زیب نے رضا کارانہ طور پر آپریشن راہ راست میں شرکت اور دوران آپریشن دیر میں شہید ہوئے، ان شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیئے۔